اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے سال کے آغاز نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کو اسلام سے قبل بھی عزت و توقیر حاصل تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے قمری سال 1440 ہجری کے آغاز پر پاکستانی قوم اور اہل اسلام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے نام پیغام دیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دعا کرتا ہوں یہ سال امت مسلمہ کے لیے باعث رحمت ہو، محرم الحرام کو اسلام سے قبل بھی عزت و توقیر حاصل تھی، اسلام نے محرم الحرام کی عظمت میں مزید اضافہ کیا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ماہ محرم کے دوران کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے کی روک تھام کے لیے حکام کی جانب سے مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جبکہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
حساس مقامات کی سیکیورٹی کے لئے ہزاروں اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اہم مقامات کی سوئپنگ اور سرچنگ بھی کرے گی، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز کے جوان بھی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔