لاہور : اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر غم سے نڈھال نواز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد وہ تعزیت کے لیے آنے والوں سے نہیں مل سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور جاتی امراء میں کلثوم نواز کی تعزیت کے لئے ن لیگ کے قائدین اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اہلیہ کے انتقال پر غم سے دوچار سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد شریف سٹی اسپتال کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کا معائنہ کیا اور انھیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔
نواز شریف طبیعت ناسازی کے باعث تعزیت کے لیے آنے والوں سےنہیں مل سکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعزیت کے لیے جاتی امرا آنے والوں سے حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور آصف کرمانی ملاقات کررہے ہیں۔
گذشتہ روز سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کو 12 گھنٹے کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد وہ جاتی امرا میں موجود ہے، جہاں وہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کریں گے ۔.
جاتی امرامیں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں اور اہلخانہ اوررشتہ داروں کو ہی آنےکی اجازت ہے۔
مزید پڑھیں : نوازشریف، مریم اور کیپٹن صفدر اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے
بعد ازاں حکومت پنجاب نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن(ر)صفدر کی پرول پر رہائی میں تین روز تک توسیع کردی ہے۔
دوسری جانب شہبازشریف بیگم کلثوم نوازکی میت پاکستان لانےکے لئے لندن روانہ ہوگئے ہیں، وہ شہبازشریف میت لے کر جمعہ کو وطن واپس آئیں گے، جس کے بعد مرحومہ کلثوم نواز کو جاتی امرا میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شہباز شریف نے نوازشریف سے مشاورت کے بعد پیرول پر رہائی کی درخواست دی تھی ، جسے حکومت نے تینوں شخصیات کو انسانی ہمدردی کے تحت وقت سے پہلے پیرول پر رہا کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے بھی نوازشریف کیلئے ہرممکنہ قانونی سہولت کی ہدایت کی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔