اسلام آباد : سی پیک سے متعلق وفاقی کابینہ کے پہلے اور اہم اجلاس میں گوادر پورٹ اور سماجی شعبے کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری کی کابینہ کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات خسرو بختیار نے کی۔
اس موقع پر کمیٹی اراکین کے علاوہ متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور دیگرحکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سی پیک منصوبوں،8ویں جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کیلئے جاری تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سی پیک کے تحت گوادر کو ترقی دی جائے گی، اس کے علاوہ خصوصی اقتصادی زونز، ریلویز کی اپ گریڈیشن کو ترجیح دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
مزیدپڑھیں: سی پیک کی سیکورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جنرل قمر جاوید باجوہ
اس حوالے سے سماجی شعبے کو ترقی دینے اور سی پیک میں تیسرے فریق کی شرکت پرتوجہ دی جائے گی، کمیٹی نے سی پیک کے تمام جوائنٹ ورکنگ گروپس کے کنوینرز کو ہدایت دی کہ آئندہ اجلاسوں میں تفصیلی ایجنڈا 30ستمبر تک منظوری کیلئے پیش کریں۔
مزید پڑھیں: تین ماہ میں ’سی پیک صنعتی تعاون کے شعبے‘ میں واضح پیش رفت ہوگی، خسرو بختیار
ذرائع کے مطابق جوائنٹ ورکنگ گروپس کے اجلاس رواں سال اکتوبر میں بلائے جارہے ہیں،8ویں جوائنٹ کو آپریشن کمیٹی کا اجلاس دسمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔