کراچی: شہرقائد کے میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے فور منصوبے کے لیے وفاق فنڈ دے، جلد پیسے ملیں گے تو کام شروع ہوگا، اب گیند وفاقی حکومت کی کورٹ میں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات امید افزا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے کہا کراچی کے مسائل جلد حل کیے جائیں، اب گیند وفاقی حکومت کی کورٹ میں ہے، شہر کو مسائل سے نکالیں گے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کچرے کی وجہ سے کراچی میں لوگ بیمار ہورہے ہیں، شہر میں کچرے کا مسئلہ سنگین ہے اسے جلد حل کرنے کی ضرورت ہے۔
ایم کیو ایم نے وزیرِ اعظم عمران خان کو لاپتا افراد کی فہرست پیش کر دی
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بنگالی کراچی میں پیدا ہوئے ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں، شناخت کے لیے انہیں دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑتی ہیں۔
خیال رہے کہ آج کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے وزیرِ اعظم سے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کی، وفد نے دیگر مطالبات کے ساتھ ساتھ وزیرِ اعظم عمران خان کو اپنے لاپتا کارکنوں کی فہرست بھی دی۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، انھوں نے دورے کا آغاز مزارِ قائد پر حاضری سے کیا، کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ مزار قائد گئے۔