کراچی : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل میں سزا موت پانے والے ملزمان نے اپیل دائرکردی، ملزمان کی اپیل پر پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل میں سزا پانے والے ملزمان نے اپیل دائرکردی، ملزمان کی اپیل پر سندھ ہائی کورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔
یاد رہے انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے کارکن راشد ٹیلر اور زاہد عباس کو سزائے موت سنائی تھی جبکہ جبکہ 2 مزید ملزمان عرفان اور کلیم کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کردیا تھا۔
مزید پڑھیں : زہرہ شاہد قتل کیس: ایم کیو ایم کے 2 کارکنان کو سزائے موت
ملزمان نے عدالت میں اعتراف کیا تھا کہ تحریک انصاف کو خوفزدہ کرنے کے لیے قیادت کے حکم پر زہرہ شاہد کو قتل کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کو عام انتخابات کے چند روز بعد 18 مئی 2013 کو ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا، حکومت نے ملزمان کی نشاندہی کے لیے 25 لاکھ روپے انعام رکھا تھا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے زہرہ شاہد کے قتل کا الزام ایم کیو ایم پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ زہرہ آپا کو انتخابات میں ایم کیو ایم کی دھاندلی کے خلاف احتجاج کی وجہ سے قتل کیا گیا۔