لندن: برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والے پاکستانی شہری فرحان جونیجو کی جائیداد اور منی ٹریل سامنے آگئی، ملزم نے2012میں35ملین ڈالر دبئی بھیجے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز برطانوی پولیس کے ہاتھوں منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتاری اور رہائی کے بعد پاکستانی شہری فرحان جونیجو سے متعلق مزید انکشافات ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فرحان جونیجو کی لندن میں جائیداد اور منی ٹریل سامنے آگئی ہے۔ فرحان جونیجو نے سال دوہزار بارہ میں غیرقانونی طریقے سے پینتیس ملین ڈالردبئی بھیجے، ایکسچینج کمپنی سے رقم ملزم کی والدہ مسز شمیم نبی شر کے سوئس اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی۔
اس کے علاوہ دبئی سے ہی دو سو پچاس ملین روپے برطانیہ بھیجے گئے، یہ رقم فرحان جونیجو نے دبئی سے اپنی اہلیہ مسز بینش قریشی کے اکاؤنٹس میں بھیجی۔
اس کے علاوہ دس ہزارڈالر امریکا میں ریحان جونیجو کے اکاؤنٹ میں بھیجے گئے، ریحان جونیجو اورافشاں جونیجو ملزم فرحان جونیجو کے بھائی بہن ہیں، ملزم نے اس رقم سے لندن میں جائیداد خریدی۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں پاکستانی سیاسی شخصیت کی گرفتاری و رہائی
واضح رہے کہ برطانیہ میں گزشتہ روز منی لانڈرنگ کے الزام میں پاکستانی شہری فرحان جونیجو کو اس کی اہلیہ مسز بینش قریشی سمیت گرفتار کیا گیا تھا اور بعد ازاں دونوں کو تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: برطانوی کرائم ایجنسی نے کس پاکستانی کو گرفتار کیا؟ اے آر وائی نے پتہ لگالیا
واضح رہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا تھا کہ گرفتار پاکستانی شخص 80 لاکھ پاؤنڈ کی جائیداد کا مالک ہے اور اس کے خلاف نیب اور ایف آئی اے کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔