کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں 265 علیحدگی پسند اپنے ہتھیار سرکار کے حوالے کر کے قومی دھارے میں شامل ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں کالعدم تنظیموں کے 265 عسکریت پسند ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہو گئے، عسکریت پسندوں نے اس موقع پر قومی تعمیر و ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔
کوئٹہ میں منعقدہ تقریب میں مہمانِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے قومی دھارے میں شامل ہونے والے عکسریت پسندوں سے ہتھیار لے کر قومی پرچم اور تحائف دیے۔
عسکریت پسندوں نے بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں بڑی تعداد میں اپنے ہتھیار سرکار کے حوالے کیے، ان کا کہنا تھا کہ وہ قومی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ اوربلوچستان کے وزیراعلیٰ دہشت گردی کی روک تھام پرمتفق
وزیرِ اعلیٰ جام کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’آپ نے اس قومی دھارے میں آ کر اپنے دوستوں اپنے بھائیوں اور اپنے نظام پر جو اعتماد کیا ہے، یہ ہم پر بہت بڑی ذمہ داری ڈالی ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا ’ہماری حکومت ان معاملات کو پوری سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے، اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ آپ کی ناراضگیوں کو آہستہ آہستہ دور کریں۔‘