ریاض: وزیر اعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، یہ وزیراعظم کا پہلا غیرملکی دورہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان پہلے مرحلے میں مدینہ منورہ پہنچے، جہاں مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ایئرپورٹ پروزیراعظم کا استقبال کیا.
وفاقی وزرا شاہ محمود، اسد عمر، فواد چوہدری اور مشیرعبدالرزاق داؤد پاکستانی وفد میں شامل ہیں، اس موقع پر پاکستانی سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام، قونصلیٹ افسران بھی موجود تھے.
بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان اور وفد نے روضہ رسولﷺپر حاضری دی، وفدکے لئےخصوصی طورپرروضہ رسولﷺکےدروازےکھولےگئے۔
وزیراعظم عمران خان ریاض الجنہ میں نمازمغرب اورنوافل کی ادائیگی کے بعد جدہ روانہ ہوگئے۔
جدہ پہنچنے پر وزیراعظم کا ایئرپورٹ پر مکہ کےڈپٹی گورنر اور پاکستان قونصل جنرل نےاستقبال کیا، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی موجودتھے۔
یاد رہے کہ یہ وزیرِ اعظم عمران خان کا پہلا غیرملکی دورہ ہے. وزیراعظم سعودی عرب کےبعد ابوظہبی کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے، جب کہ سعودی فرمانروا وزیراعظم کے اعزاز میں شاہی محل میں ضیافت بھی دیں گے۔
https://www.facebook.com/PTIOfficial/videos/263505017832103/
ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ جانے والے وزرا اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ وزیراعظم او آئی سی کے سیکریٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔