اسلام آباد : ایشیاکپ میں پاکستان اوربھارت ٹاکرے کے موقع پر سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرفیصل جاوید سے رابطہ کیا اور کہا سنسنی خیز میچ دیکھنے کے لئے تیار رہیں۔
تٖفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا سب سے بڑا مقابلہ کچھ گھنٹوں کی دوری پر ہے ، سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور آج ہونیوالے پاک بھارت میچ پر تبادلہ خیال کیا۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہا سنسنی خیزمیچ دیکھنے کے لئے تیار رہیں، آج کے میچ میں کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔
سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ دونوں ملکوں کو قریب لاسکتی ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو چیمپئن ٹرافی جیتنے کا فائدہ حاصل ہے۔
خیال رہے ایشیا کپ کا سب سے بڑا مقابلہ آج ہوگا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اب سے کچھ دیر بعد دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹکرائیں گی۔
پاکستان کو بھارت پر نفسیاتی اورعددی برتری حاصل ہے، یو اے ای میں شاہینوں نے چھبیس میچوں میں سے انیس بار بھارت کو شکست کا مزہ چکھایا جبکہ بھارت سات بار کامیاب ہوئی۔
ون ڈے میں روایتی حریف ایک سو انتیس مرتبہ ٹکرائے اور گرین شرٹس تہتر فتوحات کے ساتھ آگے ہیں۔