کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والی دس سالہ بچی ایمل کے گھر پہنچے اور اہلخانہ سے تعزیت کی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بچی کی ہلاکت پر ایمل کے اہلخانہ سے تعزیت کی، ایمل گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہوئی تھی۔
گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ دو پولیس اہلکار زیر حراست ہیں، مزید تفتیش جاری ہے، پولیس نظام کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ سے بات ہوئی ہے امید ہے حالات بہتر ہوں گے، کے پی کی طرح سندھ میں پولیس ریفارمز کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ شہر قائد میں فائرنگ سے دس سالہ بچی امل کی ہلاکت پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گذشتہ روز ازخود نوٹس لے لیا تھا، جس کی سماعت 25 اکتوبر کو ہوگی۔
کراچی: دس سالہ بچی کی ہلاکت پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس، 25 اکتوبر کو سماعت ہوگی
یاد رہے کہ تیرہ اگست کو ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران پولیس اہلکار کی گولی لگنے سے بچی جاں بحق ہوئی تھی۔
گزشتہ ماہ 13 اگست کی شب کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر ایک مبینہ پولیس مقابلے ہوا تھا۔
مذکورہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کے ساتھ ساتھ جائے وقوع پر موجود گاڑی کی پچھلی نشست پر بیٹھی 10 سالہ بچی امل بھی جاں بحق ہوگئی تھی۔