بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

ایشیا کپ:‌ دھون اور شرما کی سنچریاں، بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوں‌سے شکست دے دی

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے میچ میں بھارت نے شیکھر دھون اور روہت شرما کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قبل ازیں ایشیا کپ کے سب سے اہم ٹاکرے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور بھارت کو 238 مجموعے کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بھارت نے بیٹنگ کا آغاز کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں بھارت نے کپتان روہت شرما اور شیکھر دھون کی عمدہ سنچریوں کی بدولت پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دے دی، کوئی بھی پاکستانی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا، شیکھر دھون 114 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

بھارتی کپتان روہت شرما 111 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ امباتی رائیڈو بھی 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، بھارت نے ہدف 39.3 گیندوں پر حاصل کیا، شیکھر دھون کی واحد وکٹ 210 رنز پر گری۔

روہت شرما نے اپنے کیرئر کی 19ویں سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ہی 7000رنز بھی مکمل کرلیے۔

قومی ٹیم نے کے کپتان سرفراز احمد ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اسکور بورڈ پر 237 رنز کا مجموعہ سجایا، پاکستان کی جانب سے شعیب ملک نے 78 اور کپتان سرفراز احمد نے 44 رنز بنائے۔

بھارتی ٹیم جیت بیٹنگ کرنے میدان میں اتری تو دونوں اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے، پاکستانی فیلڈرز نے گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں آسان کیچز ڈراپ کیے۔

 ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا انتہائی اہم میچ دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاک بھارت کی ٹیموں کے مابین کھیلا جارہا تھا، فتح حاصل کرنے والی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 37 رنز بنائے، شعیب ملک 78 ، سرفراز احمد 44 اور آصف علی 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز جبکہ کلدیپ یادیو، بھمرا اور چاہل نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

چھٹے اوور میں امام الحق نے روہت شرما کا آسان کیچ ٖڈراپ کیا، پہلے اوور میں بھی بھارتی کپتان کا آسان کیچ شاداب خان نے چھوڑا، دس اوورز کے اختتام پر بھارت کی ٹیم نے آسانی کے ساتھ بغیر کسی نقصان پر مجموعی اسکور 53 تک پہنچایا۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور دھون نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ محمد عامر نے پہلا اوور پھینکا، 5 اوور کے اختتام پر مخالف ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنائے۔

پندرہ اوور کے اختتام پر بھارت کی ٹیم کا مجموعی اسکور بغیر کسی نقصان کے 72 تک پہنچا،

پاکستان اسکور کارڈ

قبل ازیں ٹاس جیت کر کپتان سرفراز احمد نے پہلے بیٹنگ کا اعلان کیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپننگ کا آغاز امام الحق اور فخرزمان نے کیا، پہلے ہی اوور میں شاہینوں نے رن لینے کی کوشش تو بھارتی فلیڈر نے گیند وکٹ پر ماری جس کا فیصلہ تھرڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ کی صورت میں دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسکرین پر پہلے آؤٹ لکھا نظر آیا جس پر بھارتی تماشائیوں نے خوب شور مچایا پھر ایک لمحے بعد ہی ناٹ آؤٹ آگیا۔

ابتدائی 5 اوورز میں دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اختیار کیے رکھا، پاکستانی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 3 کی اوسط سے 15 رنز بنائے، آٹھویں اوور کی آخری بال پر امام الحق ایل بی ڈبلیو ہوئے، بھارتی کھلاڑیوں نے ریویو لیا جس میں انہیں آؤٹ قرار دیا گیا، یوں 24 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری۔

پندرہویں اوور کی تیسری بال پر فخر زمان نے شارٹ کھیلنے کی کوشش کی تو وہ گر گئے اور گیند اُن کی پیڈ پر لگی جس کے بعد امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا، فخر زمان نے 44 گیندوں پر 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔

اگلے ہی اوور میں بابر اعظم رن آؤٹ ہوکر 9 کے انفرادی اسکور پر پویلین روانہ ہوئے، انہوں نے 25 گیندوں کا سامنا کیا۔ 18 اوورز کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 25 اوور کے اختتام تک ٹیم کا مجموعی اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 92 تک پہنچایا۔

دونوں کھلاڑیوں نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 50 رنز کی شراکت داری قائم کی، 30 اوورز کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 116 تک پہنچا، اکتیسواں اوور پاکستانی ٹیم کے لیے اچھا ثابت ہوا، شعیب ملک نے دو چوکے لگائے اور 4 سنگل کے بعد 12 رنز بنے، 35ویں اوور میں شعیب ملک نے 64 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 1 چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد مجموعی اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 141 تک پہنچا۔

انتالسویں اوور کی چوتھی بال پر سرفراز احمد 44 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے، چالیسویں اوور کے اختتام تک پاکستانی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے، شعیب ملک 67 اور آصف علی 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

بیالسویں اوور میں شعیب ملک نے پہلی گیند پر چوکا مارا جس کے بعد آصف علی نے ایک چھکا اور ایک چوکا مارا اور پھر چھکا مارا، 22 رنز آنے کے بعد ٹیم کا مجموعی اسکور 193 تک پہنچا، چوالیسویں اوور میں شعیب ملک 90 گیندوں پر 2 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد 78 رنز کی اننگز کھیل کر کیپر کے ہاتھوں بھمرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، یوں پاکستان کی پانچویں وکٹ 203 کے اسکور پر گری، اگلے اوور کی پانچویں بال پر آصف علی آؤٹ ہوئے انہوں نے 21 گیندوں پر 2 چھکوں اور ایک چوکےکی مدد سے 30 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

آخری اوور کی تیسری گیند پر شاداب خان کلین بولڈ ہوکر پویلین روانہ ہوئے، پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 238 کا ہدف دیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ‘بھارت کو 250 سے زائد بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر جبکہ حارث سہیل کی جگہ شاداب خان کو شامل کیا گیا۔

بھارتی کپتان روہت شرما کاکہنا تھا کہ ہدف کا تعاقب کرنے میں ٹیم کسی دباؤ میں نہیں ہے، ٹیم کو اچھا آغاز دینا میری ذمے داری ہے، مخالف ٹیم جتنے بھی رنز بنائے اُس کا تعاقب ضرور کریں گے۔

اسکواڈ

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے میں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں، آج کا میچ جیتنے والی ٹیم ٹاپ پر آجائے گی، دبئی اسٹیڈیم میں جیت کے لیے پاکستانی بولنگ اور بھارتی بیٹنگ کی آزمائش ہوگی۔

خیال رہے کہ پاک بھارت ٹیموں کے مابین اس سے قبل ایک میچ کھیلا جاچکا ہے جس میں قومی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ سرفراز الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43.1 اوور میں 162 رنز بنائے تھے اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوئے، بھارت نے دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کیا تھا۔

سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر بیٹنگ پر اپنا اعتماد بحال کیا ہے، شعیب ملک کی ناقابل شکست 51 رنز کی اننگز نے سرفراز الیون کو فتح سے ہمکنار کروایا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں