اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا گزشتہ حکومت نےقرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایسٹ انڈیا جیسا کردار ادا کیا، دو حکومتوں نے جو کیا اس کے بعد چندوں کے سوا راستہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں بےشمارارسطو شامل تھے، گزشتہ حکومت نےقرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایسٹ انڈیا جیسا کردار ادا کیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوید قمرکہہ رہےہیں چندوں پرحکومت نہ چلائیں، دو حکومتوں نے جو کیا اس کے بعد چندوں کے سوا راستہ کیا ہے، 5 سال میں ڈیٹ 28ارب پر چلا گیا ہے، موجودہ معاشی صورتحال کے ذمہ دار اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ہے،اسحاق ڈار کو حکومت کے خصوصی طیارے سے باہر بھجوایا گیا
وزیراطلاعات نے کہا گزشتہ حکومت نے مہنگے ترین قرض لے کر کھلونے بنائے، شہبازشریف نے 11ٹریلین روپے خرچ کردیے، حکومت پنجاب کو ہر سال میٹرو چلانے کے لیے 8ارب چاہیے، اورنج ٹرین لائن 300 ارب لے کر خرچ کردیے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے جو کچھ کیا وہ ایک جرم تھا، ریڈیو پاکستان کے پاس 20کروڑ پنشن دینے کے لیے نہیں، کیا ہم ملک ویسے ہی چلائیں جیسے تجربہ کار چلاتے رہے، چندوں پر تنقید کرنے والے آگے کا راستہ بھی تو بتائیں۔
فواد چوہدری نے کہا اپوزیشن کی چارٹرآف اکانومی کی تجویزکی حمایت کرتےہیں، پاکستان کی خراب معاشی حالت کے ذمے داروں کا تعین ہوناچاہیے۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے، گاڑیاں بیچنےسےحکومت نہیں چلتی، 58 کروڑ روپے کی 35 گاڑیاں خریدی گئی، 98 کروڑ روپے کی 35گاڑیاں خریدی گئی، گزشتہ حکومت کے سمجھ داروں نے 35کروڑ دیکھ بھال پر لگا دیے۔
انھوں نے مزید کہا کوئی وزیراعظم یہ نہیں کرتا، جو وزیراعظم نے کیا، 1100 کنال کا وزیراعظم ہاؤس چھوڑ کر 3کمروں کے گھر میں رہ رہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ اور موٹر وے کے ایسے اعلان کیے، جیسےگولیاں بانٹ رہےہیں، جس محکمے کو ہاتھ لگائیں، اس میں ایک ایک صاحب کے 60 ، 60لوگ بھرتی ہوئے، ریگستان میں بھی ن لیگ کے وزیراعظم نے ایئرپورٹ کا اعلان کیا۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم عمران خان کے وژن کےمطابق ملک چلائیں گے، چیلنج ہے گزشتہ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ہماری ایک ماہ کی کارکردگی کے برابر ہے۔