اشتہار

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 7 فلسطینی شہید، 500 سے زائد زخمی

اشتہار

حیرت انگیز

یروشلم : تحریک حق واپسی کے تحت احتجاج کرنے والے مظاہرین پر اسرائیلی فورسز کی بے دریغ فائرنگ سے 7 فلسطینی نوجوان شہید جبکہ 500 سے زائد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے غزہ کی پٹی پر تحریک حق واپسی کے تحت جمعے کے روز احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر بے دریغ فائرنگ اور شیلنگ کرکے 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی عمر 14 سے 26 برس ہے، جن کی شناخت محمد الحوم، ایاد خلیل، محمد بسام، محمد علی، محمد اشرف شامل ہیں، جبکہ دیگر دو شہداء کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

- Advertisement -

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج کی گولیوں کی زد میں آکر 500 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، صیہونی ریاست کے درندوں کی ظلم و بربریت کا نشانہ بننے والوں میں 35 بچے، 4 خواتین، 4 امدادی کارکن اور صحافی بھی شامل ہیں۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ رواں برس مارچ سے شروع ہونے والی حق واپسی کی احتجاجی تحریک کے تحت مقبوضہ فلسطین کے شہر غزہ کے رہائشی باالخصوص اور دیگر شہروں کے افراد باالعموم ہر جمعے غاصب ریاست اسرائیل کی سرحدوں کی جانب مارچ کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس مارچ سے اب تک اسرائیل اور غزہ کی سرحد پر احتجاج کرنے والے مظاہرین پر صیہونی افواج کی فائرنگ سے 191 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ مظاہروں کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل قابض صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے مقبوضہ فلسطین کے جنوب میں واقع تاریخی شہر الخلیل کے نواحی علاقے صوریف میں سرچ آپریشن کے بہانے خاتون صحافی اسراء حضر لافی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا۔

فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف اشعار اور نظمیں کہنے کے جرم میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والی فلسطینی شاعرہ کو دو روز قبل 2 ماہ قید میں گزارنے کے بعد صیہونی حکام کی جانب سے رہا کیا گیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں