کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کو کنٹرول کریں گے اس کے خاتمے کیلئے سندھ حکومت اہم اقدامات کرے گی۔
یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ بچوں کے اغوا کی افواہیں پھیلارہے ہیں، اسٹریٹ کرائم کی ذمہ دار پولیس ہوتی ہے، پچھلے دو سے3 ماہ پولیس کسی اور کام میں مصروف رہی لیکن اب کراچی میں پولیس کے ذریعےاسٹریٹ کرائم میں کمی آئے گی صورتحال پر جلد قابو پالیں گے۔انہوں نےبتایا کہ پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے امل ریفارمز لائیں گے۔
یاد رہے کہ صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے، اس کیلئے صرف اعلان جنگ کی نہیں بلکہ باقاعدہ جنگ کی ضرورت ہے۔
کراچی میں دو بچیوں کی جان چلی گئی اسٹریٹ کرائم انتہا پرہیں لیکن وزیر اعلیٰ صرف زبانی جمع خرچ میں مصروف ہیں وہ کبھی اعلان جنگ کی باتیں اور کبھی سوشل میڈیا کو الزام دے رہے ہیں۔
کراچی میں ڈاکو راج قائم ہے، شہر کی کوئی سڑک لوٹ مار کرنے والوں سے محفوظ نہیں ایسے میںں عوام ارباب اختیار کی جانب دیکھ رہے ہیں، لوگوں نے اپنے تحفظ کے لیے خود ہتھیار اٹھا لیے ہیں۔
گزشتہ روز بہادرآباد میں نوجوان نے ڈاکو کو گولی مار دی۔ لوٹ مار سے تنگ شہریوں نے سچل تھانے کا گھیراؤ کرلیا لیکن وڈے سائیں کرائم کی ذمے داری سوشل میڈیا پر ڈال کر جان چھڑانے کو ہیں،ارباب اختیار کی زبانی دعوؤں کے باعث اسٹریٹ کرمنلز کے حوصلے بڑھتے جارہے ہیں اور عوام پریشان ہیں کہ جائیں تو کہاں جائیں؟