مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے کہا ہے کہ کیبل آپریٹرز انڈین چینلز کا مکمل بائیکاٹ جاری رکھیں، آزاد کشمیر میں کیبل آپریٹرز کو درپیش مسائل حل کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا، اس دروان کیبل آپریٹرز نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی مذمت بھی کی۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کیبل آپریٹرز کے مسائل حل کیے جائیں گے، کیبل کے شعبے سے وابستہ افراد کے روزگار کا تحفظ کیا جائے گا۔
آزاد کشمیر کیبل آپریٹرز کے وفد نے مطالبات کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی فوج نے ڈرامہ رچایا، ہم اپنی حدود میں تھے، وزیراعظم آزاد کشمیر
واضح رہے کہ دو روز قبل سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کرنے والی اشتعال انگیز بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے قریب فضا میں اڑنے والے ہیلی پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، بھارتی فوج نے راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر کو اُس وقت نشانہ بنایا کہ جب وہ آزاد کشمیر کے گاؤں تروڑی کے قریب سفر کررہے تھے.
ذرائع کے مطابق وزیراعظم چوہدری عبد العزیز کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے لیے تشریف لے گئے تھے، واپسی پر بھارتی چیک پوسٹ سے اُن کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی گئی جس کے بعد اُن کے ہیلی کاپٹر کو بحفاظت اتار لیا گیا تھا۔
بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا تھا کہ بھارتی فوج نے ڈرامہ رچایا ہے ہم اپنی حدود میں تھے، صاف نظر آرہا ہے بھارت بوکھلایا ہوا ہے۔