اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کردی ہے،5 وفاقی وزراء اور ایک وزیرمملکت کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، حلف اٹھانے والوں میں محمد میاں سومرو، اعظم سواتی، علی امین گنڈا پور، زرتاج گل اور فیصل واوڈا شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں توسیع کی منظوری دے دی ہے، 5 وفاقی وزراء اور ایک وزیر مملکت کل 11 بجے حلف اٹھائیں گے،صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی وزراء سے حلف لیں گے۔
علی امین گنڈا پور، فیصل واوڈا اور اعظم سواتی وفاقی وزیرکا حلف اٹھائیں گے جبکہ محمدمیاں سومرو اور صاحبزادہ محبوب سلطان بھی وفاقی وزیر ہوں گے، دریں اثنا زرتاج گل وزیرمملکت کی حیثیت سے کل حلف لیں گی۔
محمدمیاں سومروکووفاقی وزیربرائے نجکاری بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ علی امین گنڈا پور کو امور کشمیراور شمالی علاقہ جات کا قلمدان سونپا جائے گا۔
اعظم سواتی کوسائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت ملنے کا امکان ہے اور زرتاج گل کو وزیرمملکت برائے ماحولیاتی تبدیلی لگائے جانے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے
اس وقت وفاقی کابینہ مجموعی طور پر 32 ارکان پرمشتمل ہے، نئی توسیع کے بعد وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد 38 ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 11 ستمبر کو بھی وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی تھی ، اس موقع پر6 نئے وزراء نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، نئے وزراء سے دو روز قبل حلف اٹھانے والے صدر ڈاکٹرعارف علوی نے حلف لیا تھا، حلف اٹھانے والوں میں تین نئے وزراء اور تین وزرائے مملکت شامل تھے۔
گزشتہ مہینے ہونے والی اس توسیع میں عمر ایوب خان، علی زیدی، محمد میاں سومرو کو وفاقی وزیر جب کہ مراد سعید، محمد شبیر علی اور محمد حماد اظہر کو وزیرِ مملکت بنایا گیا تھا۔میاں محمد سومرو وزیر مملکت بنائے جانے پر ناراض ہو گئے تھے اور حلف اٹھائے بغیر ہی کراچی روانہ ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں : وفاقی کابینہ کے 6 نئے وزرا نے حلف اٹھا لیا
حکومت سازی کے پہلے مرحلے میں 20 اگست کو وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں 16 وفاقی وزرا اور 5 مشیروں نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔حالیہ اضافے کے بعد وفاقی وزرا کی تعداد 38 ہوجائے گی۔