کرا چی : کراچی میں طوفان کا خطرہ ٹل گیا، ڈائریکٹر میٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال میں اٹھنے والے طوفان نے اومان کا رخ کرلیا ہے، کراچی کو کوئی خطرہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق محمکہ موسمیات نے واضح کیا کہ کراچی طوفان سےبچ گیا، سمندری طوفان نے رخ موڑ لیا، کراچی کو اب سمندری طوفان کا خدشہ نہیں۔
ڈائریکٹر میٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب اورخلیج بنگال سےاٹھنے والاطوفان کا رخ تبدیل ہوگیا ہے ، اب پاکستان کے ساحلی علاقوں سے نہیں ٹکرائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بحرہ عرب میں سمندری طوفان لوبان کل تک بنے گا اور طوفان کا رخ شمال مغرب کی جانب ہوگا، طوفان عمان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ کراچی میں سمندری ہوائیں آج بھی بند رہیں گی ،درجہ حرارت اڑتیس سے انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، دن بھر ہوا پانچ سے سات کلومیٹر کی رفتار سے چلے گی۔
سمندری ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث شمال مغرب سے چلنے والی گرم اور خشک ہوائیں گرمی میں اضافے کا سبب بنیں گی۔
منگل سے سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلیں گی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں شدید گرمی/ سمندری طوفان کا اندیشہ
یاد رہے 3 روز قبل ڈی جی میٹ غلام رسول کا نے سمندری طوفان کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا خلیج بنگال اور بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بننا شروع ہوگیا جو سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے،8 اکتوبر تک صورتحال واضح ہو جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے تمام صورتحال پرنظر رکھی ہوئی ہے، کسی بھی ممکنہ خطرے سے پہلے آگاہ کردیا جائے گا۔