کراچی: شہرِ قائد کے علاقے سمن آباد، فیڈرل بی ایریا میں ایک نجی اسکول کی چھت سے 11 سالہ بچے کے گرنے کا واقعہ پیچیدگی اختیار کر گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے نے خود کشی کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سمن آباد کے پرائیویٹ اسکول کے طالب علم نے اسکول کی چھت سے چھلانگ لگائی یا معاملہ کچھ اور ہے، معاملہ الجھ گیا۔
[bs-quote quote=”بچے نے خود کشی کی: پولیس
بیٹا اونچائی سے ڈرتا تھا: والدہ” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ شوگر کا مریض تھا، بیماری سے دل برداشتہ ہو کر بچے نے انتہائی قدم اٹھایا، چھت سے کود کر خود کشی کر لی۔
دوسری طرف گیارہ سالہ بچے کی والدہ نے واقعے کو خود کشی ماننے سے انکار کر دیا ہے، پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیٹا تو اونچائی سے بہت ڈرتا تھا۔
ساتویں جماعت کے گیارہ سالہ طالبِ علم حبیب اللہ کی بہن کہتی ہے بھائی صبح ناشتہ کر کے گیا تو بالکل ٹھیک تھا۔ بچے کی پھپھی کا بھی کہنا تھا کہ اسکول میں کیمرے لگے ہیں، بچے کو اسکول کی چھت پر جاتے اور چھلانگ لگاتے نہیں دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی : ماں اور بچے کو ساتویں منزل سے پھینکنے والی ساس اور دیورگرفتار
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے سے متعلق ابھی معلومات ابتدائی نوعیت کی ہیں، اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جائیں گی، اسکول کے آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی کہ اصل واقعہ کیا تھا۔
بچے کے والدین نے بتایا کہ حبیب اللہ کی طبی رپورٹس بھی اسکول میں جمع کرائی گئی تھیں، والدہ کے مطابق بچہ خود کشی نہیں کر سکتا، اسے اونچائی سے ڈر لگتا تھا۔