گوجرانوالہ: پنجاب حکومت کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے، گوجرانوالہ میں سابق وزیر دفاع خرم دستگیر کا غیرقانونی پیٹرول پمپ گرادیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد تجاوزات مہم کے بلڈوزر کی زد میں اہم ترین سیاسی شخصیات کی تعمیرات بھی آنے لگی ہیں، گوجرانوالہ میں سابق وزیر دفاع خرم دستگیر کا غیرقانونی پیٹرول پمپ مسمار کردیا گیا، ٹیم پر تشدد کرنے والے دو ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔
واضح رہے کہ تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن میں ن لیگ کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر دانیال عزیز کی قبضہ شدہ زرعی اراضی واگزار کرالی گئی تھی، دانیال عزیز کے خاندان نے سلانوالی میں تین سو ایکڑ سے زائد اراضی پر قبضہ کررکھا تھا۔
مزید پڑھیں: ن لیگی رہنما دانیال عزیز کے قبضہ سے زرعی اراضی واگزار کرا لی گئی
چند روز قبل ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے شہر کے وسط میں قائم ملتان کرکٹ کلب کی 52 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی تھی جس کی مالیت دس ارب روپے سے بھی زائد بتائی گئی۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 30 ستمبرکو اعلیٰ سطح اجلاس میں پنجاب میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی منظوری دی تھی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو خود مانیٹر کررہا ہوں، مہم میں طاقتور اور بااثر افراد کے خلاف موثر کارروائی کی جائے، مہم میں عام آدمی، ریڑھی بان اور محنت کشوں کو تنگ نہ کیا جائے۔