لاہور: سابق وزیر ریلوے اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا خواب دکھانے والوں کو عوام ضمنی انتخابات میں مسترد کردیں گے، ہماری جماعت کامیاب ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سعد رفیق کا کہنا تھا کہ 14 اکتوبر کا ضمنی الیکشن عوامی ریفرنڈم ہے، عوام بتادیں گے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چودہ اکتوبر غریب عوام کو تکلیف دینے والوں کی چھٹی کا دن ہوگا، عمران خان کو پتہ چلے گا جھوٹ بولیں گے تو عوام مسترد کریں گے۔
ایک کروڑ نوکریاں، 50لاکھ گھر اور اربوں درخت کہاں ہیں؟ سعد رفیق
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ مخالف گرفتار ہوتا ہے تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں، یہ خوشی عارضی ہے، قوم سب جانتی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے خواجہ سعد رفیق نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر اور اربوں درخت کہاں ہیں؟
لاہور میں ضمنی الیکشن مہم کے دوران کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں، اور جو کرتے ہیں وہ بتاتے نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ جو ووٹ سے آئے گا وہ ملک کی قسمت کا فیصلہ کرے گا، ضمنی الیکشن میں عمران خان میرے مقابلے میں کسی سیاسی شخصیت کو کھڑا کرتے۔