کراچی: امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا، قونصلیٹ کی گاڑی غیرملکی خاتون چلا رہی تھیں، زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں امریکی قونصلیٹ کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگیا، حادثہ پی آئی ڈی سی بلڈںگ کے قریب پیش آیا، حادثے کے بعد لوگوں نے قونصلیٹ کی گاڑی کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق امریکی قونصلیٹ کی گاڑی غیرملکی خاتون چلا رہی تھیں، خاتون امریکی قونصل خانے میں اسٹاف ممبر ہیں، گاڑی کا نمبر کیو ایم 942 ہے، جبکہ تحقیقات کررہے ہیں کہ حادثہ کس طرح پیش آیا۔
حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی شخص کے پاؤں میں چوٹیں آئی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اوڈھو کے مطابق زخمی ہونے والا شخص پاک بحریہ کا ملازم ہے، امریکی خاتون سفارتکار دوسری کار میں سفارت خانے چلی گئیں، جس گاڑی سے حادثہ ہوا اسے تھانے منتقل کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: نشے میں دھت امریکی سفارتکار نے نوجوان کو کچل ڈالا،مقدمہ درج
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے تھانہ کوہسارکی حدود میں تیز رفتار گاڑی میں سوارنشے میں دھت امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف نے موٹرسائیکل سوار نوجوان عتیق بیگ کو ٹکرماری جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ حادثے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
کرنل جوزف کے بعد ایک اور امریکی سفارتکار نے پاکستانی شہری موٹر سائیکل سوار نزاکت اسلم کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت کے علاقے مارگلہ روڈ پر روسی سفارت خانے کی گاڑی نے پاک فضائیہ کے اہلکار کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں بیوی، بیٹی اور وہ خود زخمی ہوگئے تھے۔