لاہور: این اے 131 میں ضمنی انتخابات میں خواجہ سعد رفیق کے مدِ مقابل پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر نے کہا ہے کہ الیکشن والے دن ووٹوں کی خرید و فروخت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف کے امیدوار قومی اسمبلی ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ووٹوں کی خرید و فروخت ہونے کے باوجود سعد رفیق کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔
ہمایوں اختر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں کہا کہ سیاست میں کچھ بھی ہو سکتا ہے کل کے دشمن آج دوست بن سکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے اتحاد سے فرق پڑا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میرے حلقے کی پارٹی قیادت 100 فی صد میرے ساتھ تھی، لاہور میں گراؤنڈ پر پی ٹی آئی کی تنظیم ن لیگ کی طرح منظم نہیں، مہنگائی کی وجہ سے ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی۔
ہمایوں اختر نے مزید کہا کہ روپے کی قدر کو معیشت کے ساتھ نہیں لے کر چلیں گے تو نقصان ہوگا، روپے کی قدر گرنے کے اثرات 5 ماہ بعد پتا چلتے ہیں جس سے مہنگائی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخابات 2018: نتائج مکمل، پی ٹی آئی اورمسلم لیگ ن چارچارنشستوں پرکامیاب
ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومت میں جو روپے کی قدر کم ہوئی اس کے اثرات اب آ رہے ہیں، معیشت سے متعلق فیصلے الیکشن کے بعد کرنے سے صورتِ حال مختلف ہو سکتی تھی۔
خیال رہے کہ این اے 131 لاہور کے حلقے کا معرکہ مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق نے اپنے نام کیا، غیر سرکاری اور غیر حتمی نتیجہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے 60476 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدِ مقابل پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر 50245 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔