کراچی: وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے ڈی جی رینجرز اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی، شہریار آفریدی نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید سے ملاقات کی۔
وزیرِ مملکت کو کراچی آپریشن اور صوبہ بھر میں امن و امان پر بریفنگ دی گئی، شہریار آفریدی نے دہشت گردی کے خاتمے اور قیامِ امن کے لیے قربانیوں اور کاوشوں کو سراہا اور یاد گار شہدا پر پھول بھی چڑھائے۔
وفاقی وزیرِ مملکت شہریار آفریدی نے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی، آئی جی سندھ کلیم امام، پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات میں پاکستان کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے، نادرا اور پولیس میں ملازمتوں کی تصدیق سے متعلق ہم آہنگی بڑھانے، جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ افراد کا قومی سطح پر ڈیٹا قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماضی میں حکومتی اداروں کے ساتھ کھلواڑ ہوا: وزیر داخلہ
وزیرِ مملکت نے جرائم کی روک تھام سے متعلق بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی، وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی جدوجہد کی بدولت امن بحال ہوا، بہترین امن و امان کے باعث پُر امن ضمنی انتخابات ہوئے۔
انھوں نے مزید کہا کہ قیام امن کے لیے پولیس اور رینجرز کے 22 ہزار جوان شہید ہوئے۔ ملاقات میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔