واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ امریکا ایران میں ہڑتالوں سے متعلق رپورٹوں کا جائزہ لے رہا ہے، ایرانی عوام کے قانونی مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ ہم قانونی مطالبات کو پر امن طریقے سے پیش کرنے کے حوالے سے ایرانی عوام کے حق کی تائید کرتے ہیں۔
ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ ایران میں ہونے والی ہڑتالیں حکمراں نظام کو یہ پیغام دے رہی ہیں کہ ایران کی دولت کو بیرون ملک برباد کرنے کا سلسلہ روک دیں اور اپنے عوام کی ضروریات پوری کرنا شروع کردیں۔
We are following the reports of nationwide strikes in #Iran. We support the right of the Iranian people to peacefully express their rightful demands. These strikes have a message for the regime: stop wasting Iran’s wealth abroad and start addressing the needs of your own people.
— Heather Nauert (@statedeptspox) October 15, 2018
مزید پڑھیں: امریکا ایران کی شرپسند سرگرمیوں کے خلاف کھڑا رہے گا: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ
واضح رہے کہ ایران کے شہر تہران، اصفہان، شیراز اور اہواز میں اساتذہ کی مسلسل دوسرے روز ہڑتال جاری ہے، اساتذہ دوسرے روز بھی کلاسوں میں نہیں کیے اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا۔
ایران کے مختلف شہروں میں ہڑتال کا آغاز اتوار کے روز ہوا تھا، اساتذہ انجمنوں کی رابطہ کار کمیٹی نے اس ہڑتال کی کال مہنگائی، افراط زر، اساتذہ کی قوت خرید میں کمی اور تعلیمی انجمنوں کے سرگرم کارکنان کی گرفتاری کے خلاف احتجاجا دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی سیکیورٹی حکام نے اسکولوں کے پرنسپلز کو خبردار کیا ہے کہ وہ اساتذہ کی ہڑتال کی تصاویر پوسٹ نہ کریں۔
یاد رہے کہ ایران میں ٹرک ڈرائیوروں کی جانب سے بھی ملک گیر ہڑتال کی گئی تھی جس کے دوران 200 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔