بیجنگ : چین نے آئی ایم ایف سے قرض لینے کی درخواست پر پاکستان کی تائید کر دی، چین کا کہنا ہے کہ مشکل معاشی مسائل کے حل کیلئے آئی ایم ایف کی ضرورت پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق چینی حکومت کے ترجمان نے پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف سے قرض کی درخواست پر تائید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کومعاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے آئی ایم ایف پلان کی ضرورت ہے تاہم یہ خیال رکھاجائے کہ آئی ایم ایف پلان دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر اثر انداز نہ ہو۔
چین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ممبران ہونے کے ناطے امید ہے کہ فنڈ پاکستان کی ای ویلیو ایشن شفاف طرح سے کرے گا۔
دوسری جانب وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق پروگرام سے متعلق مذاکرات کیلئے فنڈ کی ٹیم نومبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔
مزید پڑھیں : پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرضے کے لیے باضابطہ درخواست کردی
یاد رہے گزشتہ ہفتے انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر کی انٹر نیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو قرض پروگرام کے لیے باضابطہ طور پر درخواست دی تھی۔
خیال رہے پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت کو استحکام بخشنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس ضمن میں وزیر خزانہ اسد عمر نے ایک بیان جاری کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، آئی ایم ایف سے ایسا پروگرام لینا چاہتے ہیں، جس سے معاشی بحران پر قابو پایا جا سکے۔