جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

’اظہر علی کو کرکٹ تعلیم کی ضرورت ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

ابوظہبی: آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز اظہر علی مضحکہ خیز انداز میں رن آؤٹ ہوئے تو کھلاڑیوں اور شائقین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔

تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچوں کی سیزیز کا آخری میچ کھیلا جارہا ہے جس کا آج تیسرا روز تھا۔

تیسرے روز انوکھا واقعہ اُس وقت پیش آیا کہ جب اظہر علی نے باؤلر پیٹر سڈل کی گیند پر سلپ میں شارٹ نکالا، گیند تیزی سے باؤنڈری لائن کی طرف جارہی تھی، بال کی اسپیڈ کو دیکھ کر قومی کرکٹ ٹیم کے دونوں بلے باز پر اعتماد انداز میں آدھی پچ پر آئے اور سکون سے بات چیت کرنے لگے۔

پاکستانی بلے باز نےشارٹ کھیلنے کے بعد غور نہیں کیا کہ امپائر نے باؤنڈری کا اشار ابھی تک نہیں دیا، اسدشفیق اور اظہر علی وکٹ کے درمیان میں آکر مجموعی اسکور میں چار رنز کے اضافے کا جشن منا رہے تھے۔

پڑھیں: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا، تیسرے روز کیا ہوا؟

اظہر علی کو معلوم نہیں تھا کہ گیند باؤنڈری کے قریب جاکر رک گئی اسی اثناء فیلڈر نے فوراً گیند کو اٹھا کر وکٹ کیپر ٹم پین کی طرف پھینکا تو انہوں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسٹمپ اڑائے اور پھر امپائر سے اپیل کی۔

وکٹ کیپر کی کال سُن کر امپائر نے 64 رنز پر کھیلنے والے اظہر علی کو آؤٹ قرار دیا مگر پاکستانی بلے باز کو اپنے آؤٹ ہونےکا یقین نہیں آیا اور وہ پچ پر کھڑے ہوکر ادھر اُدھر دیکھتے رہے۔

پاکستانی بلے باز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو شائقین کرکٹ نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور حد سے زیادہ خود اعتمادی پر شدید تنقید بھی کی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جو 66 ٹیسٹ اور 55 ایک روزہ میچز کھیل چکے ہیں ان پر صارفین نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شاید اظہر علی کو یہ بات نہیں معلوم کہ جب تک گیند باؤنڈری لائن سے نہیں ٹکراتی اُس وقت تک چوکا نہیں ہوتا۔ انٹرنیٹ صارفین نے اسد شفیق کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کامینٹیٹر رمیز راجہ نے اظہر علی کے آؤٹ کو انتہا کی بے وقوفی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اس انداز سے تو اسکول کرکٹ کھیلنے والے بچے آؤٹ ہوتے ہیں‘۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ’انٹرنیشنل کرکٹ میں شاید اس طرح پہلا آؤٹ ہوا، اظہر علی کو کھیل کی تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت ہے‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں