لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عرب ٹی وی کے کرکٹ میں کرپشن سے متعلق ڈاکیومینٹری پر ریکارڈ مانگ لیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ میں کرپشن کے نئے اسکینڈل نے ہر طرف ہلچل مچا دی ہے، پی سی بی نے عرب ٹی وی کے کرپشن سے متعلق ڈاکیومینٹری پر ریکارڈ طلب کرلیا ہے جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلوی بورڈ نے الزامات مسترد کردئیے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ عرب ٹی وی نے ابھی تک مطالبے پر جواب نہیں دیا ہے، ریکارڈ کے بعد مزید تحقیقات ہوں گی، کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ملے تو کارروائی ہوگی۔
پی سی بی کے مطابق کسی کے ساتھ تصویر سے کسی کا جرم ثابت نہیں ہوتا ہے، کرپشن کے خلاف ہماری پالیسی زیرو ٹالرینس کی ہے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں پر الزامات مسترد کردئیے
دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں پر لگنے والے بدعنوانی کے الزامات مسترد کردئیے، انگلش بورڈ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہیں۔
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں پر الزامات کو مسترد کردیا ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے عرب ٹی وی سے غیر ایڈٹ شدہ ویڈیو شواہد مانگ لیے ہیں۔
معاملے کی چھان بین کررہے ہیں، آئی سی سی
عرب ٹی وی کی کرکٹ کرپشن پر نئی ڈاکیومینٹری منظر عام پر آنے کے بعد آئی سی سی حرکت میں آگیا ہے، آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے منیجر ایلکس مارشل کا کہنا ہے کہ معاملے کی چھان بین کررہے ہیں عرب ٹی وی ثبوت شیئر کرے۔
ایلکس مارشل نے کہا کہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک رکھنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ڈاکومینٹری میں پندرہ انٹرنیشنل میچز میں فکسنگ کا انکشاف کیا گیا ہے۔
ٹی ٹین لیگ پر سوالات اُٹھ گئے
کرپشن کا نیا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ٹی ٹین لیگ پر کئی سوالات اٹھ گئے ہیں، تجزیہ کاروں نے سوال کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ فکسنگ سے محفوظ نہیں تو کیا ٹی ٹین جیسی متنازع لیگ کرپشن سے پاک ہوسکتی ہے، کیا پی سی بی کو پاکستانی کھلاڑیوں کو ایسی لیگ میں بھیجنا چاہئے۔
میچ فکسنگ میں بھارتی بکی سب سے آگے
میچ فکسنگ میں بھارتی بکی سب سے آگے ہیں، عرب ٹی وی کی دستاویزی فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اس مکروہ کے تمام تانے بانے بھارتی شہر احمد آباد سے شروع ہوتے ہیں، بدنامہ زمانہ بکی انیل منور اور اس کا گینگ کام کرتا ہے۔
بھارت کے بدنام زمانہ میچ فکسر انیل منور کے ساتھ دنیا کے نامور کھلاڑیوں کی تصاویر نے کئی سوالات کھڑے کردئیے ہیں، ایک تصویر میں پاکستانی بلے باز عمر اکمل بھی بھارتی بکی انیل منور اور اس کے ساتھیوں کے ساتھ نظر آتے ہیں، ویسٹ انڈیز اور بھارتی کھلاڑی ویرات کوہلی، روہت شرما کی بھی انیل منور کے ساتھ تصاویر موجود ہین۔