دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بہت سارے لوگ کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ تصویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں بعد میں اگر ایسا کوئی شخص غلط نکلے تو کھلاڑی کا کوئی قصور نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے آسٹیریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے 11 کھلاڑیوں کے نام کا اعلان کیا جس کے مطابق ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے۔
اسکواڈ میں کپتان کے علاوہ فخر زمان، محمد حفیظ، بابر اعظم، حسین طلعت، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، فہیم اشرف، حسن علی اور شاہین آفریدی شامل ہیں۔
[bs-quote quote=”آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا” style=”style-6″ align=”left” color=”1122″][/bs-quote]
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ شعیب ملک پہلےٹی 20کیلئےدستیاب نہیں ہوں گے مگر بقیہ میچز میں وہ ٹیم کا حصہ ضرور ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے مگر ہم اُس کےخلاف سیریزجیتنےکی بھرپور کوشش کریں گے، دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہوا۔
عالمی سطح پر اٹھنے والے میگا کرپشن اسکینڈل کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بہت سارے لوگ کھلاڑیوں سے ساتھ تصاویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں جن کا بعد میں غلط مطلب نکالا جاتا ہے۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش یہی ہوتی ہے کہ کسی اجنبی سے ملاقات نہ کریں، اگر تصویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کرنے والا شخص بعد میں غلط یا بکی نکلے تو اس میں کسی کھلاڑی کا کوئی قصور نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: عرب ٹی وی کا ٹاپ کرکٹرز کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف
یاد رہے کہ 21 اکتوبر کو عرب ٹی وی نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث نامور کھلاڑیوں کی رپورٹ اور تصاویر شائع کی تھیں، رپورٹ کے مطابق 2011 سے 2012 تک فکسنگ کے کئی معاملات طے ہوئے جن میں بھارتی بکی انیل منور ملوث رہا، مذکورہ بھارتی شہری 8 سال سے آئی سی سی کی مانیٹرنگ میں ہے۔
الجزیرہ کی تحقیقاتی ٹیم بھارتی بکی انیل منور کے کچھ مبینہ شواہ بھی منظر عام پر لائی جس کے مطابق برطانیہ کے کچھ کھلاڑیوں نے 7 میچز میں اسپاٹ فکسنگ کی جبکہ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں بھی پانچ میچز کی فکسنگ میں ملوث رہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے عرب ٹی وی کی کرپشن سے متعلق دستاویزی فلم کے ثبوت طلب کرلیے جبکہ انگلش اور کینگروز بورڈز نے بھی اپنے کھلاڑیوں پر عائد ہونے والے الزامات مسترد کردیے۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ میں میگا کرپشن کے الزامات، پی سی بی نے عرب ٹی وی سے ریکارڈ مانگ لیا
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ عرب ٹی وی نے ابھی تک ہمارے مطالبے پر کوئی دوستاویزی شواہد فراہم نہیں کیے، ثبوت کی فراہمی کے بعد ہی مذکورہ کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی سیزیز کا پہلا میچ کل ابوظہبی میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔