اسلام آباد: پاکستان نے نیدرلینڈ زکے رکن پارلیمنٹ کے گستاخانہ ٹویٹ پر شدید احتجاج کیا اور نیدرلینڈز کے پاکستان میں تعینات سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے تحفظات سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے ملعون ڈچ سیاست دان گیرٹ وولڈرز کے گستاخانہ ٹویٹ پر پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے سفیر کو پاکستانی حکومت اور عوام کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا۔
سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کے نام پر ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے، ایسے امتیازی واقعات نفرت اور عدم برداشت کا باعث بنتے ہیں۔
سیکریٹری خارجہ نے نیدرلینڈز حکومت سے واقعہ کی مذمت کی اور مناسب اقدامات کا مطالبہ کیا، نیدرلینڈ زکے سفیر نے پاکستان کے تحفظات متعلقہ حکام کو پہنچانے کی یقین دہانی کرادی۔
مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکے ہرمسلمان کامسئلہ ہے، اقوام متحدہ کےسامنے معاملہ اٹھائیں گے: وزیراعظم
واضح رہے کہ دو ماہ قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ گستاخانہ خاکے ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، اقوام متحدہ کے سامنے یہ معاملہ اُٹھائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا تھا کہ تمام مسلمان ممالک مل کرہی مغرب کو سمجھا سکتے ہیں، مسلمان ممالک اوآئی سی کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر یواین کو اپنے تحفظات سے آگاہ کریں.
یہ پڑھیں: گستاخانہ خاکے: ہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی درخواست پرسماعت
خیال رہے کہ عدالت نے گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر نیدر لینڈ زسے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے کیس کی سماعت 15 جنوری 2019 تک ملتوی کر دی تھی۔