اسلام آباد: یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین اور حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد چوتھے دن ملازمین نے دھرنا ختم نے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، ملازمین اور حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد چوتھے روز دھرنا ختم کردیا گیا، ڈیلی ویجز ملازمین کو احتجاج کے چار دن کی اجرت بھی ملے گی۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی نجکاری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے معاملات ٹھیک کریں گے۔
صدر سی بی اے یوٹیلٹی اسٹورز عارف شاہ نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی نجکاری نہیں کی جائے گی، دو سال کا ایڈہاک ریلیف نومبر کی تنخواہ کے ساتھ ملے گا، بیل آؤٹ پیکیج 10 کے بجائے 14 ارب روپے کا ملے گا۔
عارف شاہ نے کہا کہ ملازمین کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی، ڈیلی ویجز ملازمین کو دھرنے کے چار دن کے پیسے ملیں گے۔
مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین منتشر ہونا شروع ہوگئے، مظاہرین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پانچ مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: نجکاری کیخلاف یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کا ڈی چوک پردھرنا ختم کرنے سے انکار
یاد رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین نے ادارے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف اسلام آباد کے ڈی چوک پر چار روز زسے دھرنا دے رکھا تھا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق دو روز قبل کہا تھا کہ ملازمین کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی وطن واپسی پر نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔