لاہور : وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا سیاسی ورکر اور اس ملک کا کیڑا ہوں، لاہور ریلوے کے لئے آتا ہوں،سیاست اسلام آباد میں کرتا ہوں، اللہ کی مدد عمران خان کے ساتھ ہے، کچھ نہیں ہونے جا رہا۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عوام کی سہولت کے لیے کراچی سے دھابیجی کے درمیان ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس نئی ٹرین کا افتتاح 31 اکتوبر کو صدر عارف علوی کریں گے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کراچی دھابیجی ایکسپریس ڈرگ روڈ، ملیر روڈ اور بن قاسم ریلوے اسٹیشن پر سٹاپ کرے گی۔ اس کے بعد حیدر آباد اور سندھ ایکسپریس چلائیں گے، تمام ڈویثرنل ریلوے اسٹیشنز پروائی فائی لگا دیئے، لیکن خدا کیلئے لوگ صرف وائی فائی کیلئے نہ اسٹیشن پرنہ آئے، یہ مسافروں کیلئے ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ سیاسی ورکر اور اس ملک کا کیڑا ہوں، صحیح شیخ کی طرح ریلوے میں کام کر رہا ہوں۔ جہاں سواری کم ہوتی ہے وہاں سے کوچز نکال لیتا ہوں۔
شہباز شریف کی گرفتاری کا علم ہونے سے متعلق سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ جس نے آپ کو یہ سوال کرنے کو کہا ہے وہ مخبر ہے، خانہ کعبہ میں بھی کھڑا ہو کر کہوں گا کہ وہ مشرف دور میں بھی مخبر رہا ہے، مجھے مخبر کہنے والے اپنا آپ نہ بھولیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 120 دن کا وعدہ کیا تھا لوگوں کی خواہشوں کے مطابق پورا کریں گے۔ ریلوے کے تمام ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی لگائیں گے۔ ریلوے کے تمام گوداموں پر کیمرے لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو ماہ کے دوران فریٹ کی مد میں 1.1 بلین روپے زیادہ کمایا ہے، وہ تمام لوگ جو ہماری اربوں روپے کی پراپرٹی کو استعمال کر رہے ہیں وہ خالی کر دیں۔ آج 60 دن ہو گئے، 100 دن میں کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ لاہور ریلوے کے لئے آتا ہوں، سیاست اسلام آباد میں کرتا ہوں، آج مجھے ریلوے میں 60 دن ہوئے ہیں اور 6نئی ٹرینیں چلائی ہے ، چھ اور چلانے جارہے ہیں، ریلوے مزدورں،افسروں کیساتھ ملکر سالانہ10 ارب کا منافع دوں گا۔
شیخ رشید نے کہا ملک کی معیشت ریلوے کے بغیر کھڑ ی نہیں ہوسکتی ، کوشش ہے ایم ایل ٹوکے معاملات بھی چین سے طے پاجائیں، احسن اقبال کے شہر کا اسٹیشن ہی 50 کروڑ کا ہے ریلوے کی بحالی کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کردیئے گئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری جغرافیائی پوزیشن سب سے اہم ہے، اللہ کی مدد عمران خان کے ساتھ ہے، کچھ نہیں ہونے جا رہا، چین سے بہت اچھی توقعات ہیں، سعودی عرب سے بھی اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جغرافیائی پوزیشن سب سے اہم ہے، ہمیں ملک چلانے کے لیے 8 سے 10 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے، جو جلد پوری ہو جائے گی۔