بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

سابق وزیر احسن اقبال پر فائرنگ کرنے والے مجرم کو 27 سال قید کی سزا سنا دی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

گوجرانوالہ: سابق وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال پر فائرنگ کرنے والے مجرم عابد حسین کو 27 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ مجرم کو ایک لاکھ 30 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت نے احسن اقبال پر فائرنگ کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ خصوصی عدالت نے مجرم عابد حسین کو 27 سال قید کی سزا دی ہے۔

عدالت نے مجرم عابد کو احسن اقبال کو 60 ہزار روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

مجرم کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور استعمال کرنے پر 3 سال قید کی سزا کا حکم بھی شامل ہے جبکہ مجرم کو ایک لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ کا واقعہ رواں برس 6 مئی کو پیش آیا تھا۔ احسن اقبال نارووال میں کرسچن کمیونٹی کی کارنر میٹنگ سے خطاب کر کے نکلے تو مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی۔

واقعے میں گولی احسن اقبال کے سیدھے بازو کو چھوتی ہوئی پیٹ کے نچلے حصے میں لگی۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بروقت علاج کر کے ان کی جان بچا لی گئی۔

ان پر حملہ کرنے والے مجرم عابد نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ احسن اقبال نے ختم نبوت کے حوالے سے بیانات دیے تھے جس پر رنج تھا، اس وجہ سے احسن اقبال پر حملہ کیا۔

مجرم کے مطابق اس نے احسن اقبال پر حملہ مکمل منصوبہ بندی کے تحت کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزم دھوکہ دینے کے لیے میٹنگ کے دوران ن لیگ کے حق میں نعرے لگاتا رہا اور پھر اچانک حملہ کر دیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں