اسلام آباد : پاکستانی اداروں نے بھارتی سیٹلائٹ ڈش سسٹم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے بھارت منی لانڈرنگ کو بےنقاب کردیا، کراچی سمیت پانچ بڑے شہروں میں قائم نیٹ ورک پکڑا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جیف جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر ملک بھر میں غیرقانونی ڈی ٹی ایچ بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس سلسلے میں ایف آئی اے، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی سمیت ملک کے پانچ بڑے شہروں میں قائم نیٹ ورک پکڑلیا۔
ٹیموں نے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاور میں کریک ڈاؤن کیا۔ تفریح کے نام پر قانون سے کھلواڑ کرنے والے دشمن ملک بھارت کے لیے اربوں کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے، سپریم کورٹ کے حکم پر غیرقانونی سیٹلائٹ سسٹم کے خلاف کارروائی کے دوران سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں۔ بھارتی سیٹلائٹ ڈش سسٹم کے نام پر پانچ بڑے شہروں میں گورکھ دھندا پکڑا گیا۔
کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ اور پشاورمیں بھارتی سامان سرعام بکتا ہے، شہری کو بھارتی سسٹم 8ہزار میں فروخت کرکے ماہانہ اٹھارہ سو روپے فیس لی جاتی ہے، لاکھوں صارفین سے حاصل ہونے والے اربوں روپے ہنڈی اور حوالہ کے ذریعہ بھارت بھیجے جاتے ہیں۔ ٹیم نے فیصل آباد اور سرگودھا میں کریک ڈاؤن کیا۔
چھاپوں کے دوران تین سو چوراسی ریسیور اور دو سو چورانوے ڈش انٹیناز ضبط کرکے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گوجرانوالہ میں چار سو دس ریسیور، چھ سو پچیس ایل این بیز، تین سو پچیس ڈی ٹی ایچ اور پندرہ ڈش انٹینا ضبط کیے گئے جبکہ سیالکوٹ اور نارووال، راولپنڈی کے راجہ بازار اور باڑہ مارکیٹ میں بھی کامیاب چھاپے مارے گئے۔
مزید پڑھیں: کراچی ،کسٹم کے چھاپے، غیر قانونی سیٹلائٹ سسٹم ڈی ٹی ایچ اور ایل این بی ضبط
واضح رہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے گرے ٹریفکنگ از خود کیس میں متعلقہ اداروں کو غیر قانونی ڈی ٹی ایچ فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم جاری کیا تھا۔