اسلام آباد : سپریم کورٹ نے حکومت پنجاب کو کل سے ڈاڈو چہ ڈیم راولپنڈی کی تعمیر شروع کرنے کا حکم دے دیا، چیف جسٹس نے پیر کو ڈیم کی تعمیر کے مراحل اور ڈیٹ وائز پلان جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گزشتہ چار سال سے ٹال مٹول کی جار ہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ڈاڈوچہ ڈیم راولپنڈی کی تعمیرسے متعلق سماعت ہوئی ، سماعت میں بتایا گیا حکومت پنجاب نے نجی کمپنی سے ڈیم تعمیر کرانے سے انکار کردیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا واضح بتائیں نجی کمپنی سے ڈیم تعمیر کروانا چاہتے ہیں یانہیں ؟ وکیل نے جواب میں کہا حکومت پنجاب کسی نجی کمپنی سے ڈیم تعمیر نہیں کرائے گی۔
چیف جسٹس نے حکم دیا کہ حکومت پنجاب کل سے ڈاڈو چہ ڈیم راولپنڈی کی تعمیر شروع کرے، گزشتہ 4سال سے ٹال مٹول کی جارہی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ڈیم کی تعمیر میں کتنا وقت لگے گا؟ پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب دیا دو سال میں ڈیم مکمل کرلیں گے، جس پر عدالت نے پیرکوڈیم کی تعمیر کےمراحل اور ڈیٹ وائز پلان جمع کرانے کا حکم دیا۔
یاد رہے ستمبر میں چیف جسٹس نے ڈڈوچہ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس میں فوری طور پر پنجاب کابینہ سے ڈیم کی منظوری لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا زیادہ وقت نہیں دیں گے پہلے ہی معاملے میں تاخیر کی گئی۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ہم ایک ایک ڈیم تعمیر کر کے دیں گے، ہمیں آبی وسائل تعمیر کرنے ہیں، ڈیمز کی تعمیر میں بیورو کریسی کے معاملات رکاوٹ نہیں بننے دیں گے، ڈڈوچہ ڈیم کی تعمیر میں کس نے رکاوٹ ڈالی ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
خیال رہے سپریم کورٹ آف پاکستان نے پانی کی قلت اور ڈیموں کی تعمیر سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دنیا کی تمام معیشتوں کا انحصار پانی پر ہے، پاکستان چونکہ زرعی ملک ہے لہذا یہاں پانی کی اور بھی زیادہ اہمیت ہے۔
فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں زراعت کاانحصار پانی کے اکلوتےذریعے دریائے سندھ پرہے، اس وقت ملک میں زندگی کی بقا کے لیے پانی کی سخت ضرورت، مستقبل میں اس کی قلت کو دور کرنے کے لیے سب کے اتفاق کی ضرورت ہے۔