کراچی: شہرقائد میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہوگیا، لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے 21 سالہ طالب علم کی جان لے لی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل گرین ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے 12ویں جماعت کے طالب علم سید زید رضا کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر گولی مارکر شہید کردیا۔
سید زید رضا اپنے دوستوں کے ہمراہ گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ اچانک کسی کام کے غرض سے وہ گھر آگیا، اس دوران موٹر سائیکل سوار تین لٹیروں نے بائیک روک کر اس کے دوستوں سے اسلحے کے زور پر موبائل چھیننے کی کوشش کی۔
طالب علم کے گھر سے باہر آنے پر ڈاکو موبائل چھین کر فرار ہورہے تھے، اس دوران مقتول نے مزاحمت کی کوشش کی تو ظالموں نے گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔
مقتول کی نماز جنازہ شاہ فیصل کالونی نمبر 3 میں قائم ’موتی مسجد‘ میں ادا کی گئی جہاں علاقہ مکینوں اور رشتہ داروں کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ تدفین عظیم پورا قبرستان میں کی گئی۔
اس افسوس ناک واقعے کے بعد جہاں اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں، وہیں طالب علم کے دوستوں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اہل محلہ نے حکومت سندھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی میں ایک جانب اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے وہیں حکام بھی اس کی روک تھام میں بے بس دکھائی دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ شہر میں آئے دن شہری ناصرف اپنی قیمتی اشیاء سے محروم ہوجاتے ہیں بلکہ بعض اوقات مزاحمت پر کئی اہم جانیں بھی ضایع ہوچکی ہیں۔