اسلام آباد : تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوش شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ عوام کو کرائے سے نجات دلا کر گھر کا مالک بنائیں گے جبکہ وزیرہاؤسنگ پنجاب محمود الرشید نے کہا پنجاب میں یکم جنوری سے گھروں کی تعمیر کا افتتاح کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فردوس شمیم نقوی اور محمودالرشید نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا حکومت پانچ سال میں 50لاکھ گھر تعمیر کرے گی، ہر سال 10 لاکھ گھر بنائے جائیں گے۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ عوام کو کرائے سے نجات دلا کر گھر کا مالک بنائیں گے، گھروں کی تعمیر کیلئے جامع پالیسی مرتب کی گئی ہے، ہر سال 2لاکھ پلاٹ غریب عوام کو قسطوں پر دیے جائیں گے۔
وزیرہاؤسنگ پنجاب محمود الرشید نے کہا پنجاب میں یکم جنوری سے گھروں کی تعمیر کا افتتاح کیا جائے گا، جو قسط ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا، اس کو قرضہ ملے گا۔
محمودالرشید کا کہنا تھا کہ اب کی عوام کو خو شخبر ی دینا چاہتا ہوں، 6 اضلا ع میں وزیراعظم جلد کام کا افتتاح کریں گے ، زمین ہمارے پاس ہے، مالی معاملات پر بات چیت جاری ہے، عالمی تعمیراتی ادارے اس میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں۔
وزیرہاؤسنگ پنجاب نے کہا 10 ہزار گھروں کی پہلی لاٹ پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔
یاد رہے صوبہ پنجاب کے 5 شہروں میں وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں سے 2 شہروں میں اگلے ہی ماہ منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ: پنجاب کے 5 شہروں میں سنگ بنیاد رکھنے کا فیصلہ
ان شہروں میں فیصل آباد، سیالکوٹ، چشتیاں، چنیوٹ اور لودھراں شامل ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ منصوبے کے سنگ بنیاد کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، منصوبے کے تحت 50 فیصد جگہ پر 3 مرلہ، 25 فیصد جگہ پر 5 مرلہ گھر اور بقیہ 25 فیصد جگہ پر گھر بنائے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت پانچوں اضلاع میں 10 ہزار کے قریب گھر تعمیر ہوں گے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کی نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت ملک بھر میں 50 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے جن کا مقصد غریب طبقے کے عوام کو کم قیمت میں گھر فراہم کرنا ہے۔