تازہ ترین

یورپ کی حفاظت کے لیے امریکا پر مزید انحصار نہیں کیا جاسکتا: فرانسیسی صدر

پیرس: فرانسیسی صدر ایمائل میکرون کا کہنا ہے کہ یورپ کی حفاظت ایک خالصتاً یورپیوں پر مشتمل فوج کے علاوہ اور کوئی نہیں کرسکتا اور اس کے لیے امریکا پر مزید انحصار نہیں کیا جاسکتا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی صدر نے جنگ عظیم اول کے صلح نامے کی سالگرہ کے موقعے پر مغربی محاذ وردن کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ روس نے ظاہر کردیا ہے کہ وہ یورپیوں کے لیے بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے اور یورپ کا دفاع کرنے کے لیے مقامی یورپی ہی کافی ہیں۔

ایمائل میکرون اس سے قبل ایک مشترکہ فورس بنانے کی تجویز بھی دے چکے ہیں جس کی جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے بھی حمایت کی ہے۔

برطانیہ نے بھی اس فورس کی حمایت کی ہے تاہم وہ یورپی فوج کی تجویز کے خلاف ہے اور اس کا کہنا ہے کہ نیٹو کی طرز پر ایک اور فورس تشکیل دینا خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔

صدر میکرون اس سے پہلے بھی خبردار کر چکے ہیں کہ یورپ اپنے دفاع کے لیے امریکا پر مزید انحصار نہیں کرسکتا۔

فرانسیسی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ خطرے میں یورپ اور اس کی سیکیورٹی ہے۔ ’میں روس کے ساتھ ایک سیکیورٹی ڈائیلاگ کرنا چاہتا ہوں تاہم ہمیں یورپ کو ایسا بنانا ہوگا جو امریکا کی مدد کے بغیر اپنی حفاظت خود کرسکے‘۔

دوسری جانب صدر میکرون کے مخالفین کا کہنا ہے کہ صدر کی توجہ عام آدمی کے مسائل کی طرف بالکل نہیں ہے۔ فرانس میں 17 نومبر کو فیول ٹیکسز میں بے تحاشہ اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔

Comments

- Advertisement -