تہران: ایران نے خبردار کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل پر پابندی کی صورت میں بین الاقوامی تیل کے صارفین متاثر ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے گذشتہ دنوں نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جس میں ایرانی تیل کو خاص طور پر ٹارگٹ کیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس پابندی کی صورت میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور دنیا بھر کے صارفین متاثر ہوں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے امریکا میں وسط مدتی انتخابات سے قبل تیل کی قیمتیں کم رکھنے کے لیے ایران سے تیل درآمد کرنے والے آٹھ بڑے ممالک کو پابندیوں سے استثنیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔
امریکا کی پابندیوں کے بعد ایرانی سرگرمیوں پر کڑی نظر
البتہ ایران نے اس کے باوجود امریکی اقدام کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے ایران پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے بعد خطے میں ایرانی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا شروع کردی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکا تہران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے بعد اب شام، عراق اور یمن میں ایرانی سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
اس سے قبل بھی متعدد بار امریکا، سعودی عرب اور اسرائیل متعدد مرتبہ ایران کے خطے میں بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کر چکے ہیں۔