کراچی : لانڈھی میں فیکٹری کا بوائلر پھٹنے سے زخمی ہونے والے چھ مزدور دوران علاج دم توڑ گئے، ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی منزل پیٹرول پمپ پر نجی کمپنی کا بوائلر پھٹنے سے جھلس کر زخمی ہونے والے چھ افراد دم توڑ گئے، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے کر کمشنر اور سیکرٹری لیبر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ان کا کہنا ہے زخمی شخص کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی تفصیلات بتائی جائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ بتایا جائے کہ فیکٹری کا آخری معائنہ کب ہوا تھا اور بوائلر پھٹنے کی وجہ کیا ہے؟
انہوں نے کمشنر کراچی اورسیکریٹری لیبر کو متاثرہ ورثاء کی ہر قسم کی مدد کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پولیس کے مطابق حادثے میں7افراد زخمی ہوئے تھے، فیکٹری میں 3بھٹیاں موجود تھیں،3میں سے ایک بھٹی میں گیس پریشر سے دھماکے کے بعد آگ لگی تھی۔
جاں بحق افراد میں عامر، سلیم، شادمان، عمران، خالد اور عنایت شامل ہیں،کمپنی میں تین ہزار کے قریب ملازمین کام کرتے ہیں، کمپنی کی بھٹیوں میں پارٹس تیار کرکے رنگ کیا جارہا تھا۔