اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت فدا خان کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر حکام سے بدتمیزی کا نوٹس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق پرواز میں تاخیر پرمسلم لیگ ن کے وزیر فدا خان کی جانب سے ایئرپورٹ حکام کو دھکے دینے کی ویڈیو میڈیا پر نشر پر ہونے کے بعد چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے گلگت بلتستان کے وزیر فدا خان اور ایئرپورٹ حکام کو کل سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں طلب کرلیا۔
دوسری جانب گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ پہلے گلگت بلتستان کے وزرا کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، وزیر سیاحت فدا خان کو عملے نے جھوٹ بول کر غصہ دلایا، معاملہ ختم ہوگیا ہے اور اگر وزرا کے رویے سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ: پرواز میں تاخیر، صوبائی وزراء آپے سے باہر، افسر کو دھکے
واضح رہے کہ گزشتہ روز موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گلگت بلتستان کے وزیر آپے سے باہر ہوگئے تھے، وزیر سیاحت فدا خان اور وزیر قانون اورنگزیب خان قانون کو ہی بھول گئے تھے۔
صوبائی وزیر فدا خان نے غصے میں آکر پی آئی اے افسر کو دھکے دیئے جس سے وہ گرتے گرتے بچے۔ مذکورہ وزیروں نے اے ایس ایف اہلکاروں سے بدتمیزی کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں، غصے میں بپھرے وزیروں نے احتجاجاً ائیرپورٹ پر اپنی جیکٹیں بھی جلا ڈالیں، واضح رہے کہ دونوں وزراء کا تعلق ن لیگ سے ہے۔