کراچی: صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کیا جانے والا تجاوزات کے خلاف آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل ہوگیا۔ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کے انسداد تجاوزات آپریشن کے تیسرے مرحلے کے تحت آج آرام باغ اور لائٹ ہاؤس کے اطراف کارروائی کی جائے گی۔ آپریشن کا آغاز صبح 11 بجے ہوگا۔
آپریشن کے لیے انسداد تجاوزات افسران اور ملازمین کو 11 بجے تھانہ پریڈی پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ذرائع کے ایم سی کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: 50 سال بعد ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی
آپریشن کے زیر نظر لائٹ ہاؤس مارکیٹ کے تاجروں نے آج مارکیٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دکانداروں کو گزشتہ روز نوٹس جاری کردیا گیا تھا۔
آپریشن میں آرام باغ کے اطراف 180 غیر قانونی دکانیں گرائی جائیں گی۔ لائٹ ہاؤس کے اطراف بھی 250 سے زائد دکانیں نالے پر قائم ہیں جنہیں مسمار کردیا جائے گا۔
فش مارکیٹ کو گرانے کے خلاف درخواست دائر
دوسری جانب ایمپریس مارکیٹ سے متصل فش مارکیٹ کو گرانے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست فش مارکیٹ کے 28 دکانداروں نے دائر کی ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ فش مارکیٹ کو ایمپریس مارکیٹ کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔ فش مارکیٹ کو مسمار نہ کرنے سے متعلق عدالتی حکم موجود ہے تاہم عدالتی حکم کے باوجود فش مارکیٹ کو مسمار کر دیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ عدالتی حکم موجود ہے تو انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دیں۔ عدالت نے دکانداروں کو توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ٹریفک جام اور بدامنی کا باعث بننے والی تجاوزات کا 15 روز میں خاتمے کا حکم دیا تھا جس کے بعد کراچی کی مقامی انتظامیہ نے گرینڈ آپریشن شروع کیا۔
آپریشن میں کراچی کی تاریخی ایمپریس مارکیٹ میں بھی کارروائی کی گئی جہاں غیر قانونی دکانوں اور تعمیرات نے اس تاریخی عمارت کے حسن کو گہنا دیا تھا۔
کے ایم سی کے آپریشن کے تحت اب تک 2500 غیر قانونی دکانیں، 6 آر سی سی بیسمنٹ، 2 منزلہ عمارت، 150 تجاوزات، 450 ٹھیلے اور 750 سن شیڈز مسمار کیے گئے ہیں۔