لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت شہر میں جلسے جلوس پر پابندی ہوگی۔
مقامی انتظامیہ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں سے 1 ہزار کے قریب افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کو نقص امن کے باعث گرفتار کیا گیا، گرفتار افراد املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کو حفاطتی تحویل میں لیا گیا تھا، جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اپنے ٹویٹ میں بتایا تھا کہ حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یہ کارروائی 25 نومبر کی احتجاجی کال واپس نہ لینے پر کی گئی ہے۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال اور املاک کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے، تحریک لبیک عوام کے جان و مال کے لیے خطرہ بن گئی ہے اور مذہب کی آڑ لے کر سیاست کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے، عوام پر امن رہیں اور حکام سے مکمل تعاون کریں۔