جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

حکومت کے سو دن : کرپشن کے خلاف محاذ گرم، سفارتی سطح پر اہم اقدامات

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : نئی حکومت نے اپنے پہلے سو دن میں عوام سے کیے گئے وعدے نبھانے میں کمال کر دکھایا، کرپشن کے خلاف محاذ گرم رکھا،  پاکستان سفارتی سطح پر مضبوط اور وزیر اعظم کے غیرملکی دوروں نے معیشت کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا۔

پی ٹی آئی کے پہلے سو دن کے بڑے اقدامات پر ایک رپورٹ  کے مطابق  پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی پہلے سو دن کی سمت متعین کرنے کیلئے بڑے اقدامات کیے، ماضی کے حکمرانوں کی ساری شاہ خرچیاں بند کرکے سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی کر دی۔

غریبوں کے لیے پچاس لاکھ گھر بنانے کے لیے بڑی پیش رفت کی اور وزیراعظم سے براہ راست رابطے کے لیے بڑا قدم اٹھایا، پہلے سو دنوں میں ہی تبدیلی کا نعرہ سچ کر دکھایا اور پی ٹی آئی حکومت نے عوام کے دل جیت لیے۔

- Advertisement -

وزیر اعظم بنتے ہی انتخابی نعرے بھلا دینے والے لیڈروں کے برعکس کپتان کرپشن کے خلاف ڈٹ گئے، پہلے دن کے موقف میں معمولی سی لچک بھی نہ دکھائی اور کرپشن کے تمام بڑے بت گرا دینے کا مشن اب بھی جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عہدہ سنبھالا لیکن وزیر اعظم ہاؤس کی شاہ خرچیوں کے قریب نہیں گئے، سرکاری افسران بھی کم کیے، وزیراعظم ہاؤس کی قیمتی گاڑیاں، ہیلی کاپٹر اور بھینسیں تک نیلام کرائیں اور رقم قومی خزانے میں جمع کرائی، وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کیا اور گورنر ہاؤس ملکی تاریخ میں پہلی بار عوام کے لیے کھول دئیے گئے۔

سرکاری اداروں کے اخراجات میں واضح کمی کر دی گئی، غریبوں کے لیے 50 لاکھ گھر بنانے کا عہد پورا کرنے کے لیے بڑے اقدامات کیے گئے،نہ صرف پالیسی بنالی بلکہ رجسٹریشن فارم جمع کرنے بھی شروع کر دئیے گئے، پہلی بار عوام کا براہ راست وزیراعظم سے رابطہ کرنے کیلئے سیٹیزن پورٹیل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ کرپشن، انسانی حقوق اور قبضہ مافیا کیخلاف شکایات پر فوری نوٹس لیا جارہا ہے ۔

اس کے علاوہ وزیر مواصلات کا بڑا کارنامہ بھی عوام کے سامنے ہے، موٹروے اور ہائی ویز پر سفر آسان بنا دیا گیا،12ہزار کلومیٹر شاہراہ کی مکمل تفصیل صرف ایک موبائل ایپ پر دستیاب ہے، سڑک کہاں بند اور کہاں کھلی ہے؟ موسم کیسا ہے؟ مسافر سب جانیں اور شکایت کے لیے حکام سے رابطہ کریں۔

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات کے بلاجواز غیرملکی دوروں پر پابندی عائد کی گئی اور بیرون ملک علاج کی سہولت بھی ختم کرکے سرکاری خزانے کو محفوظ بنادیا گیا، اس کے علاوہ کھلے آسمان تلے موجود بے گھر افراد کو پہلی بار حکومت کی جانب سے خیمے اور کھانے کی فراہمی شروع کر دی گئی۔

پی ٹی آئی حکومت کے سو دن : پاکستان سفارتی سطح پرمضبوط ہوگیا

سو دن میں پاکستان سفارتی سطح پر مضبوط ہوا، وزیر اعظم کے غیرملکی دوروں نے معیشت کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دے دیا، ڈو مور کرنے والے امریکا کو وزیر اعظم نے دوٹوک جواب دیا، کرتاپور بارڈر کھولنے کا اعلان کرکے پی ٹی آئی حکومت نے دنیا بھر کے سکھوں کے دل جیت لیے۔

پی ٹی آئی حکومت نے سو دن میں سفارتی سطح پر بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے، حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کی معیشت کو سنبھالا دیا، عالمی دنیا سے تعلقات کو مضبوط بنایا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کیا، سعودی حکومت نے پاکستان کے لئے چھ ارب ڈالر کا بڑا اعلان کیا، متحدہ عرب امارات کی زمین پر قدم رکھا تو ایک اور نئے دور کا آغاز ہوا، وزیر اعظم کے دورہ چین میں معیشت کو بڑا سہارا ملا، پندرہ معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط ہوئے، ڈالر کے بجائے ادائیگیاں یوان میں کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

سی پیک کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا گیا، عمران خان کے دورہ ملائیشیا میں بھی بڑی کامیابی ملی، جس میں ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ طے پا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان مخالف بیان پر امریکی صدر کو بھی دو ٹوک پیغام دیا، جس کے خواجہ سعد رفیق بھی معترف ہیں، پاکستان نے کرتارپور بارڈر کھولنے کا اعلان کرکے ایک بار پھر بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھادیا ہے جس کی مودی جی کی طرف سے بھی تعریف کی گئی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں