جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

100دن پلان کی تقریب، وزیراعظم کے خطاب میں کن کن منصوبوں کوشامل کرنا ہے، فیصلہ آج ہوگا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے 100 روزہ پلان کی تقریب سے متعلق اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ، جس میں فیصلہ ہوگا کہ وزیراعظم کے خطاب میں کن کن منصوبوں کوشامل کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سو روزہ پلان کی تقریب کی تیاریوں سے متعلق اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری، مشیر سیاسی امورنعیم الحق شریک ہوں گے جبکہ سیکریٹری اعظم خان، فیصل جاوید،افتخاردرانی اوردیگر رہنما بھی شریک ہوں گے۔

اجلاس میں حکومت کی 100دن کی کارکردگی اور اہداف کاجائزہ لیاجائےگا، کس وزیر نے کتنا کام کیا؟ وزارتوں اور ڈویژنوں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیاجائے گا اور فیصلہ کیا جائے گا وزیراعظم کے خطاب میں کن کن منصوبوں کوشامل کرنا ہے۔

- Advertisement -

اجلاس میں سادگی و کفایت شعاری مہم، کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد پرغور ہوگا جبکہ مختلف وزارتوں کے عوامی فلاحی منصوبوں اورعملی اقدامات پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں حکومت کی100روزہ کارکردگی اور اہداف کی تکمیل کا جائزہ لیا گیا اور وزیر اعظم کو سادگی وکفایت شعاری مہم پر بھی بریف کیا گیا۔

مزید پڑھیں : حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر جناح کنونشن سینٹر میں تقریب کرنے کا فیصلہ

اجلاس میں وزیراعظم کونیاپاکستان ہاؤسنگ منصوبےپرپیشرفت پربھی بریفنگ دی گئی اور 100روزہ پلان کی تقریب کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہماری حکومت کی سمت درست ہے،اہداف حاصل کریں گے، قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے گا، ہماری اصلاحات کے ثمرات جلدعوام تک پہنچیں گے، ملک کی معیشت کو جلد پاؤں پر کھڑا کر دیں گے۔

خیال رہے حکومت نے100 روز مکمل ہونے پر جناح کنونشن سینٹر میں تقریب کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، جس میں وزیراعظم عمران خان حکومتی کارکردگی پرقوم کو اعتماد میں لیں گے۔

وزیراعظم 100 روزہ پلان میں حاصل کے گئے اہداف بتائیں گے اور آئندہ کے لیے حکومتی منصوبوں سے متعلق بھی قوم کو آگاہ کیا جائے گا جبکہ عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی بات کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں