اسلام آباد : چینی حکومت نے چینی قونصلیٹ حملے میں شہدا کے ورثا کے لئے 60 لاکھ کی امدادی رقم جاری کردی، چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ شہداء سندھ پولیس کے بہادرسپوت تھے، چینی حکومت اور عوام کے لئے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چین کی حکومت نے چینی قونصلیٹ حملے میں شہیداہلکاروں کے ورثا کے لئے 60 لاکھ کی امدادی رقم جاری کردی، سینٹرل پولیس آفس کراچی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں چینی قونصل جنرل نے شرکت کی جبکہ شہید اے ایس آئی اشرف داؤد اور کانسٹیبل عامر خان کے ورثا بھی موجود تھے۔
تقریب میں چینی قونصل جنرل نے کہا شہداء سندھ پولیس کے بہادر سپوت تھے، چینی حکومت اور عوام کے لئے شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، چینی قونصل جنرل نے شہدا کے ورثا کے لئے 30،30لاکھ حکومتی امداد کا چیک دیا۔
آئی جی سندھ نے چینی حکومت کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا شہیدکبھی مرتےنہیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتےہیں۔
یاد رہے 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔
بعد ازاں بھارت نواز کالعدم تنظیم بی ایل اے نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
چین کےعوام چینی قونصل خانے پرحملے کے شہداء کے لیے میدان میں آگئی، چین کے مختلف شہروں میں شہداء کی فیملی کے لئے فنڈ ریزنگ کی تھی، جمع ہونے والا فنڈ شہدا کی فیملی کو بھجوایا جائے گا۔
بعد ازاں ترجمان چینی وزارت خارجہ جینگ شوآنگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کی دوستی سدا بہارہے،چینی قونصلیٹ پرحملے سے پاکستان اورچین کے تعلقات متاثرنہیں ہوں گے، تعلقات میں دراڑڈالنےکی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی۔