منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

پانچ سال میں ایک کروڑ نوکریاں ضرور دیں گے، وزیرِ خزانہ اسد عمر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ پانچ سال میں ایک کروڑ نوکریاں ضرور دیں گے، روزگار کی فراہمی آئینی ذمہ داری سمجھ کر پوری کریں گے۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پی ٹی آئی حکومت کے ابتدائی سو دن پورے ہونے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ہم نے پہلے 100 دن میں معیشت کی سمت کا تعین کر دیا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ بیرونی خسارہ تین ماہ میں آدھا رہ گیا، ہم آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپیں گے، آئی ایم ایف سے وہ معاہدہ کریں گے جو عوام کی بہتری کے لیے ہو، عوام کی بہتری دیکھیں گے پھر آئی ایم ایف سے معاہدہ کریں گے۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ پہلے 100 دنوں میں ماہانہ بیرونی خسارے کو نصف کر دیا، پاکستان میں 6 ہزار ارب روپے کی سرمایہ کاری کی گنجائش پیدا کی جا رہی ہے، کسان پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، نئے پاکستان میں ریاستی ادارے بھی کام کر کے دکھائیں گے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم مجھ سے ہمیشہ یہی پوچھتے ہیں، اسد بتاؤ! غریبوں کے لیے کیا کیا، غریب کو سر پر چھت اور نوجوان کے لیے روزگار چاہیے، غریب کو چھت اور روزگار کے لیے پروگرام ترتیب دیے جا چکے ہیں، جلد شروع ہوں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وسیلہ تعلیم اور صحت کارڈ کا دائرہ پورے پاکستان پر پھیلائیں گے، پاکستان کے کمزور طبقے کو اوپر لے کر آنا ہے، کم زور طبقے کو پیچھے چھوڑ کر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو قرض بڑھ رہے تھے، زرمبادلہ کے ذخائر گر رہے تھے، عمران خان نے ٹاس جیت کر مجھے بیٹنگ کے لیے بھیج دیا، ہم نے مشکل وکٹ پر بیٹنگ کرنے کا آپشن چنا ہے، لیکن نیت ٹھیک ہو تو اللہ کام یابی دیتا ہے۔

گزشتہ حکومت بیواؤں کا پیسا روک کر بیٹھی تھی، کابینہ نے آج بیواؤں کے لیے ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی، عمل درآمد کمیٹیاں بنا رہے ہیں، ڈیڈ لائن سیٹ کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم کو بیرونی دوروں کے لیے میں نے قائل کیا، اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں فلاں کا پیٹ پھاڑ کر پیسا نکالوں گا، سڑکوں پر گھسیٹوں گا، آج یہ اپوزیشن لیڈر کہتے ہیں کہ وہ میرے بھائی ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں