کراچی: نیب نے کروڑوں روپے کے کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی رائے اعجاز کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی رائے اعجاز کو گرفتار کرلیا، ترجمان نیب کے مطابق رائے اعجاز پر بطور ڈی پی او گجرات کروڑوں روپے کی خورد برد کا الزام ہے۔
ترجمان نیب کے مطابق ایس ایس پی رائے اعجاز کو کراچی کے علاقے شارع فیصل سے گرفتار کیا گیا، ایس ایس پی کے وارنٹ گرفتاری نیب لاہور نے حاصل کیے تھے۔
[bs-quote quote=”رائے اعجاز پر پولیس ملازمین کو کروڑوں روپے کی وردیاں نہ دینے کا الزام ہے” style=”style-6″ align=”left” author_name=”ترجمان نیب”][/bs-quote]
نیب اعلامیہ کے مطابق رائے اعجاز پر پولیس ملازمین کو کروڑوں روپے کی وردیاں نہ دینے کا الزام ہے، ایس ایس پی کے ساتھ 4 ڈی پی اوز بھی ملوث ہیں، رائے اعجاز آج کل سندھ میں تعینات تھے۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ رائے اعجاز کی گرفتاری کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، کرپشن اسکینڈل میں ملوث ایس ایس پی کے ساتھ 8 پولیس اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
نیب کے مطابق کرپشن کے اس کیس میں رائے اعجاز کے والد بھی مطلوب ہیں، ایس ایس پی کے والد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ مارا گیا مگر وہ فرار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق 70 کروڑ روپے کے فنڈز کی خوردبرد کے الزام میں گرفتار ائے اعجاز کو لینے کے لیے نیب لاہور کی ٹیم کراچی میں موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق رائے اعجاز کا تعلق سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی گروپ سے ہے، وہ آج دوپہر 12 بجے سینٹرل پولیس آئے اور بہت زیادہ پریشان لگ رہے تھے، وہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ تھے۔
ترجمان نیب کے مطابق معطل ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ افسر گجرات چن پیر، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ محکمہ خوراک لاہور محمد افضل کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، محمد افضل گجرات میں 2014 سے 2016 کے دوران تعینات رہے۔
نیب کے مطابق ڈی پی او آفس گجرات کے محمد فیاض، سابق کانسٹیبل رمیض، سینئر اکاؤنٹ افسر گجرات محمد اشرف، منیجر نجی بینک گجرات محمد آصف، منیجر شکیل احمد، پیٹرول پمپ کے مالک صغیر احمد اور غلام سرور کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔