جمعرات, دسمبر 26, 2024
اشتہار

وزیراعظم عمران نے مرغیوں اورغربت کی بات کا مذاق بنانے والوں کو آئینہ دکھادیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد :وزیراعظم عمران نے مرغیوں اورغربت کی بات کا مذاق بنانے والوں کو آئینہ دکھادیا، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کوئی دیسی مرغیوں اور غربت کے خاتمے کی بات کرے تو مذاق اڑاتے ہیں لیکن کوئی ولایتی یہی بات کرے توشاندار کہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مرغی اورغربت میں کمی کے بیان پر تنقید کرنے والوں کو وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب کوئی دیسی مرغیوں اور غربت کی بات کرے تو سامراجی ذہینت مذاق اڑاتی ہے لیکن کوئی ولایتی یہی بات کرے توشاندارہوجاتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نےٹوئٹ میں بل گیٹس سےمتعلق ایک خبرکالنک بھی شیئرکیا۔

- Advertisement -

واضح رہے دنیا کےامیرترین انسان اور مائیکرو سوفٹ کے بانی بل گیٹس بھی مرغیوں کے ذریعے غربت میں کمی پر بات کرچکے ہیں، 2016 میں بل گیٹس نے اپنے تجربات کی روشنی میں مرغ بانی کوغربت میں کمی کے لئے منافع بخش کام قرار دیا تھا۔

بل گیٹس کا کہنا تھاکہ مرغیاں پالنے میں نفع کی شرح کسی بھی سرمایہ کاری سے زیادہ ہے، یہی نہیں بلکہ بل گیٹس نے عملی قدم اٹھایا اور ایک این جی او کے ساتھ مل کرضرورت مندوں کوابتدائی طور پر ایک لاکھ مرغیوں کاعطیہ بھی دیا تھا۔

یاد رہے دو روز قبل وزیراعظم نے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی سے متعلق تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دیہاتی خواتین مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے غربت کا خاتمہ کرسکتی ہیں اور تجویز پیش کی تھی کہ حکومت دیہاتی خواتین کو مرغیاں اور انڈے فراہم کرے گی، جس سے وہ اپنا پولٹری کا کاروبار کر سکیں گی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کی آزمائش ہوچکی ہے، حکومت دیہاتی خواتین کو مرغیوں کے لیے غذائی انجیکشنز بھی فراہم کرے گی تاکہ مرغیاں جلد صحت مند ہوسکیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں