لاہور: وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کچھ مہینوں کی بات ہے، ملک انشاء اللہ ترقی کرے گا، کچھ وقت کے لیے کڑوی گولی کھانی پڑے گی آگے حالات بہتر ہوجائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ وفاق کی جماعت پیپلزپارٹی ایک صوبے تک محدود ہوگئی ہے، پیپلزپارٹی کو آئندہ الیکشن میں ایک گلی کی پارٹی بنادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 100 دن میں بہت کچھ حاصل کرلیا ہے، بڑے ایشوز کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جن پر سالوں سے توجہ نہیں دی گئی۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانا علامتی چیز ہے جو ہم نے کہا تھا، چیئرمین واپڈا سے کہا ہے کچھ فنڈز نکالیں ہمیں مزید جیلیں بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے سوال کیا کہ جب جیلوں کی بات کرتا ہوں تو پی پی اور ن لیگ کا نام کیوں لینے لگتے ہیں۔
مزید پڑھیں: 100 دن میں 65 سال کے مسئلوں کو حل کرنے کے لیے صحیح سمت دے دی ہے: فیصل واوڈا
واضح رہے کہ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 65 سالوں کے مسئلوں کو حل کرنے کے لیے 100 دن میں صحیح سمت دے دی ہے، وزیراعطم عمران خان اپنے وزراء کی کارکردگی خود دیکھنا چاہتے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 100 دن میں کسی وزیر پر چوری کا الزام نہیں لگا، مجھے وزیر بنے 42 دن ہوئے ہیں اور کے فور منصوبے میں تیزی آ گئی ہے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے مذہبی انتہا پسندی کا فروغ نہیں ہونے دیا، کرتارپور بارڈر کھولنے کا وعدہ نواز شریف نے کیا تھا لیکن کھولاعمران خان نے۔