لاہور / اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو آئندہ الیکشن میں ایک گلی کی پارٹی بنادیں گے، نعیم الحق نے آصف زرداری کو جعلی لیڈر قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کے جواب میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے آصف زرداری پر لفظی گولہ باری جاری ہے۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو آئندہ الیکشن میں ایک گلی کی پارٹی بنادیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین واپڈا سے کہا ہے کہ کچھ فنڈز نکالیں ہمیں مزید جیلیں بنانے کی ضرورت ہے۔
نعیم الحق نے آصف زرداری کو جعلی لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کا یوم حساب قریب آرہا ہے۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے دور میں سب سے زیادہ کرپشن ہوئی۔
واضح رہے کہ سا بق صدر آصف علی زرداری نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، ہم نے مخالفین کو جیلوں میں رکھا اور نہ کسی کا احتساب کرنے کا سوچا، ہم نے صدر اختیارات پارلیمنٹ کو ٹرانسفر کیے۔